کراچی: شہر قائد کے چڑیا گھر کی ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا ہو گئی ہیں، جنھیں اس تکلیف سے نجات دلانے کے لیے روٹ کینال کیا جائے گا۔
اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں ایک انوکھا روٹ کینال آپریشن ہونے جا رہا ہے، کراچی زو کی 16 سالہ مدھو بالا اور 17 سالہ نور جہاں نامی ہتھنیوں کا روٹ کینال ہوگا۔
دونوں ہتھنیاں دانتوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں، آسٹریا سے آنے والے انٹرنیشنل فور پاز نامی تنظیم کے ڈاکٹرز روٹ کینال آپریشن کریں گے۔
مدھو بالا کا دانت گل چکا ہے، جس کا آپریشن کل کیا جائے گا، غیر ملکی ڈاکٹرز کی ٹیم نے دونوں ہتھنیوں کا معائنہ کر لیا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دونوں ہتھنیوں کے دانتوں کا انفیکشن خطرناک مرحلے تک پہنچ گیا ہے اور وہ مسلسل درد میں مبتلا ہیں۔
روٹ کینال پروسیجر کے لیے طبی آلات خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے ہیں، جن میں بڑے سائز کے ایکسکویٹرز، ڈرلز، انڈوڈونٹک برس اور دیگر آلات شامل ہیں۔
تنظیم فور پاز کی ٹیم ڈاکٹر مرینا ایوانووا، ڈاکٹر فرینک گورتز، ڈاکٹر تھامس ہلڈربرانت، سی ای او جوزف فابیگان، ڈائریکٹر عامر خلیل، ہاتھی ٹرینر میتھیئس اوٹو اور ان کے اسسٹنٹ ایگنیزکا پر مشتمل ہے۔