کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ 10 ارب ڈالر سے کراچی کا انفرا اسٹرکچر ٹھیک ہوسکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کو بارش سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے، نقصانات کے تخمینے سے متعلق رپورٹ آئے گی تو شیئر کریں گے۔
انہوں ںے کہا کہ شبلی فراز اپنی نوکری کررہے ہیں انہیں کراچی کے فنڈز کا معلوم نہیں، وزیراعظم عمران خان نے 162 ارب کراچی پیکیج کا اعلان کیا تھا جو انہوں نے وعدہ کیا تھا درخواست ہے اسے پورا کریں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ورلڈ بینک نے کراچی کے انفرا اسٹرکچر کے لیے 10 ارب ڈالر کا کہا تھا، ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے لیے 10 ارب ڈالر کا فنڈ درکار ہوگا، 10 ارب ڈالر سے کراچی کے انفرا اسٹرکچر کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سی بی سی انتظامیہ اور رہائشیوں کے درمیان مذاکرات کرائے، سندھ حکومت سی بی سی کے ساتھ مل کر پانی کی نکاسی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے کے مکینوں کو نکاسی کے مسائل تھے جو حل کررہے ہیں، مشینری فوری طور پر ڈی ایچ اے بھجوائی جہاں نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ کلفٹن اور ڈیفنس میں بجلی کی عدم فراہمی اور نکاسی آب نہ کرنے پر رہائشیوں نے احتجاج کیا گیا تھا، کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج موخر کردیا گیا تھا۔