کراچی کا رینبو سینٹر 80 سے 90 کی دہائی میں وی سی آر، فلم کیسٹس ریلیز کرنے کا اہم مرکز سمجھا جاتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ بہت کچھ بدل گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 80 کی دہائی میں ویڈیو کیسٹس ریکارڈر ہر ایک کے گھر میں موجود ہوتا تھا، گھر کی تقریبات یعنی شادی بیاہ، عقیقہ اور سالگرہ کے یادگار لمحات کو قید کرنے کیلئے ویڈیو ریکارڈر ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا تھا۔
اس دور میں کراچی کا رینبو سینٹر وی سی آر اور ویڈیو کیسٹس خریدنے کا ایک اہم مرکز تھا اور یہاں شوقین افراد ان کی خریداری کرنے دور دور سے آتے تھے۔
دکانداروں کے مطابق جب فلمز یا کوئی اسٹیج ڈرامہ ریلیز ہوتا تھا تو یہاں فلم بینوں کی قطاریں لگ جایا کرتی تھیں، تاہم اب یہاں کے دکاندار کپڑے اور میوے بیچ رہے ہیں۔
دکاندار نے بتایا کہ اب یہ مارکیٹ مکمل طور پر گارمنٹس اور میوے کی فروخت کا مرکز بن چکی ہے اور یہی چیزیں لوگ یہاں سے خریدتے ہیں۔
اب گزرتے وقت کے ساتھ ہر چیز ڈیجیٹلائز ہوگئی ہے اس لیے اب لوگ ان ویڈیو کیسٹس کو سی ڈیز اور یو ایس بیز میں منتقل کروارہے ہیں تاکہ نئی نسل کو ان یادگار لمحات سے آشنا کیا جاسکے۔