کراچی : کراچی والوں کو آج بھی شدید گرمی کا سامنارہے گا، درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ کل سےدرجہ حرارت میں کمی کاامکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سورج آج بھی آگ برسائے گا، پارہ 41 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، سمندری ہوا بند ہونے سے حبس کی کیفیت برقرار رہے گی۔
کراچی کاموجودہ درجہ حرارت 35ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب33 فیصدہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ شدیدگرمی کی لہرکا آج آخری روزہے، کل سےدرجہ حرارت میں کمی کاامکان ہے، رواں ماہ کراچی میں بارش کاکوئی امکان نہیں، کراچی والےجون میں ہلکی بارش اور جولائی میں بارشوں سے لطف اندوزہوسکیں گے۔
گرمی کی شدت کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے درجہ حرارت بڑھنے سے پریشانی کی کوئی بات نہیں اس کے باوجود شہری احتیاط کریں اور شام چار بجے تک اپنے گھروں یا دفاتر سے بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔باہر نکلنے کی صورت میں اپنے سر کو اچھی طرح ڈھانپ لیں۔
ڈاکٹروں نے شہریوں کو پانی اورٹھنڈے مشروبات زائد استعمال کرنے کامشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی سال کا گرم ترین مہینہ شمار کیا جاتا ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی مئی کا مہینہ شہر قائد پر سورج پوری آب و تاب کے ساتھ گرمی برسائے گا اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔
دوسری جانب اندرون سندھ بھی گرمی زوروں پر ہے، شہیدبینظیرآباد میں آج زیادہ سے زیادہ پارہ 46 ، جیکب آباد میں 45 سکھر میں 44 اور حیدرآباد میں 42 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے گوجرنوالا، لاہور، اسلام آباد،فاٹا،گلگت بلتستان اورکشمیر میں چندمقامات پرتیزہواؤں کےساتھ بارش کی نویدسنادی ہے۔