کراچی: شہر قائد میں درجہ حرارت 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے اورہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں پیرتک موسم شدید گرم رہے گا، شہر کا درجہ حرارت آج زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی اور ہیٹ ویوکے دوران ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہوگا۔
دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے اثرات سے بچنے کے لیے شہری دن کے اوقات میں صبح 11 سے دوپہر3 بجے کے درمیان باہر نہ نکلیں، سر گیلے کپڑے سے ڈھانپیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا، شہر میں جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔