کرک : سی ٹی ڈی اور پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے جانے والے دہشت گردوں میں ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر بھی بتایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرک کے علاقے میر کلام کے پہاڑی سلسلے میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کاروائی کی ہے جسکے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
تفصیلات کے مطابق کرک کے تحصیل بانڈہ داود شاہ کے علاقے میرکلام میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر پہاڑی سلسلے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
جس میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، جن کی موقع پر شناخت نہ ہوسکی۔
پولیس اور سی ٹی ڈی نے لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ہے تاہم مارے جانے والے دہشت گردوں میں ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر بھی بتایا جا رہا ہے لیکن ابھی تک اس کی تصدیق یا تردید نہ ہو سکی۔
دوسری جانب سخت مقابلے کے بعد علاقے میں شدید خوف ہراس پھیل گیا پولیس زرائع کے مطابق سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے جس میں پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔