شرپسندوں سے تنگ آئے ہوئے لڑکے کو کراٹے چمپئین بننے کا جنون چڑھ گیا، ہالی ووڈ کی نئی مارشل آرٹس ڈرامہ فلم ’کراٹے کڈ لیجنڈز‘کا فائنل ٹریلر جاری کردیا گیا۔
نئی فلم کراٹے کڈ : لیجنڈز میں جیکی چن 2010 کی کراٹے کڈ کے کردار مسٹر ہان میں دوبارہ آرہے ہیں جبکہ رالف میکیو بھی ڈینیئل لارووسو کے کردار میں واپسی کر رہے ہیں۔
نوجوان اداکار بین وانگ فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم 30 مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی جس کا جیکی چن کے مداحوں اور ایکشن فلمیں پسند کرنے والے شائقین کو بےصبری سے انتظار ہے۔
واضح رہے کہ جیکی چن ایک طویل عرصے سے دنیا بھر کے فلم بینوں کیلیے متعدد ہٹ ایکشن فلمیں کرچکے ہیں۔
فلم کی کہانی ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے۔ لی فونگ نامی نوجوان ایک غیرمعمولی کنگ فو ماہر ہے جو چین سے نیو یارک آتا ہے، یہاں اُسے مقامی کراٹے چیمپیئن میں شدید نفرت اور ناپسندیدگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بعد ازاں وہ مسٹر ہان اور ڈینیئل لاروُسو کی مدد سے ایک بڑے کراٹے مقابلے میں حصہ لینے کے سفر کا آغاز کرتا ہے۔
ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ لی فونگ بظاہر ایک عام سا لڑکا ہے جو کسی ماسٹر سے تربیت لے گا، مگر اس کے مخالفین کو حیرانی تب ہوتی ہے جب انہیں معلوم ہوتا ہے کہ وہ دراصل خود ایک کوچ ہے اور وہ ایک چالیس سالہ باکسر کو تربیت دے رہا ہے۔
کہانی میں ایک موڑ اُس وقت آتا ہے جب وہ باکسر مقروض ہو جاتا ہے اور اسے بچانے کے لیے لی کو کراٹے مقابلے میں حصہ لینا پڑتا ہے، وہ بھی صرف ایک ہفتے کی تربیت کے بعدجس میں اُسے ڈینیئل لاروُسو کراٹے سکھاتا ہے۔
فلم کا آغاز پرکشش ہے اور لڑائی کے مناظر شاندار طریقے سے کوریوگراف کیے گئے ہیں، مذکورہ فلم ’کراٹے کڈ : لیجنڈز‘30 مئی کو امریکی سنیماؤں میں تہلکہ مچائے گی۔
ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے مشہور اداکار 71 سالہ جیکی چن نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ اب بھی اپنے تمام اسٹنٹس خود کرتے ہیں اور اس روایت کو ترک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
جیکی چن نے بتایا کہ وہ 64 سال سے یہ سب کچھ کرتے آرہے ہیں، اس لیے اب انہیں جسمانی تیاری کی ضرورت نہیں پڑتی۔