ممبئی: بالی وڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکار جوڑی کرینہ کپور اور سیف علی خان کی لو اسٹوری کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
انڈسٹری میں ’بیبو‘ کے نام سے شہرت پانے والی کرینہ کپور اور ’چھوٹے نواب‘ سیف علی خان کی شادی سال 2012 میں ہوئی تھی۔ جوڑے کے دو بچے ہیں جن کے نام تیمور علی خان اور جے علی خان ہیں۔
بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ جوڑے میں محبت کا آغاز 2008 میں بننے والی فلم ’ٹشن‘ کے دوران ہوا لیکن ایسا نہیں ہے۔
معروف فوٹوگرافر دبو رتانی نے کرینہ کپور اور سیف علی خان کا فوٹو شوٹ 2005 میں کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں کی پہلی بار ملاقات اسی دوران ہی ہوئی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے جوڑے کی پُرانی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے فوٹوگرافر سے سوال کیا کہ اس تصویر کی اصل کہانی بیان کریں۔
دبو رتانی نے جوابی ٹوئٹ میں بتایا کہ جوڑے کی پہلی ملاقات میرے اسٹوڈیو میں ہوئی تھی اور یہیں سے دونوں کی محبت کا آغاز ہوا۔
کرینہ کپور سیف علی خان کی دوسری بیوی ہیں۔ اداکار نے سال 1991 میں اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی جس سے ان کے دو بچے سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں۔