ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے شوہر سیف علی خان پر چاقو حملے کے سلسلے میں باندرہ پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے آج شام اپنی رہائش گاہ پر اعلیٰ پولیس افسران کی موجودگی میں ریکارڈ کروایا، حملے کے سلسلے میں اب تک 30 سے زائد افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
ممبئی پولیس نے تحقیقات کیلیے کرائم برانچ کی 10 ٹیموں سمیت 20 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جبکہ علاقے سے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز قبضے میں لے لی گئیں اور تین مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان چاقو حملے میں شدید زخمی، کرینہ کپور نے بالآخر خاموشی توڑ دی
تاہم واقعے کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
اس سے قبل سیف علی خان کے عملے کے ارکان کو کیس سے متعلق پوچھ گچھ کیلیے باندرہ پولیس اسٹیشن لایا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔
سیف علی خان کو جمعرات کی علی الصبح رہائش گاہ کے 11ویں منزل پر ملزم نے چاقو حملے میں زخمی کر دیا گیا تھا اور وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
اداکار کی لیلاوتی اسپتال میں سرجری ہوئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چاقو لگنے سے ہڈی میں شدید چوٹ آئی ہے۔ فلم اسٹار کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹر ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔