بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

کپور خاندان کی پہلی باغی لڑکی کرشمہ نے اپنی خواتین کے فلم میں کام پر پابندی سے متعلق کیا کہا؟

اشتہار

حیرت انگیز

کپور فیملی کی اسٹار اداکارہ کرشمہ کپور نے خاندان کی خواتین پر شادی کے بعد کام پر پابندی سے متعلق دعوؤں کو مسترد کردیا۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرشمہ کپور نے حال ہی میں ذاکر خان کے شو ’آپکا اپنا ذاکر ‘میں شرکت کی، اس موقع پر ذاکر خان نے کرشمہ سے ان کے خاندان کے بارے میں ایک مشہور دعوے پر بات کی جس میں کہا گیا کہ کپور خاندان کی خواتین شادی کے بعد کام نہیں کر سکتیں۔

کرشمہ کپور نے کہا کہ ’یہ سب باتیں ہیں کہ جب میری والدہ اور نیتو آنٹی کی شادی ہوئی، تو یہ ان کا اپنا انتخاب تھا کہ وہ گھر بسانا چاہتی تھیں اور بچوں کی پرورش کرنا چاہتی تھیں کیونکہ ان کے کیریئر پہلے ہی بہت اچھے تھے، یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا‘۔

کرشمہ کپور نے مزید کہا کہ شمی انکل کی بیوی گیتا بالی جی اور ششی انکل کی بیوی جینیفر آنٹی نے شادی کے بعد بھی کام کیا کیوں کہ انہیں کام کرنا تھا، دونوں کا کام کرنے کا فیصلہ اپنا تھا، اس لیے یہ کہنا غلط ہے کہ کپور خاندان میں شادی کے بعد خواتین کام نہیں کر سکتیں ایسی کوئی بات نہیں تھی‘۔

واضح رہے کہ اداکارہ جینیفر کینڈل کی شادی ششی کپور سے ہوئی تھی، انہوں نے کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا، جینیفر کا انتقال 1984 میں بڑی آنت کے کینسر کے باعث ہوا تھا۔

دوسری جانب امرتسر کی گیتا بالی کا شمار اُس وقت کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا تھا ان کا دہائیوں پر محیط ایک شاندار کیریئر تھا، انہوں نے 75 سے زائد فلموں میں اداکاری کی تھی۔

کرشمہ کپور  اپنے خاندان کی پہلی لڑکی تھیں جس نے 1991 میں صرف 17 برس کی عمر میں بالی ووڈ میں قدم رکھا اور اپنی پہلی ہی فلم ’’پریم قیدی‘‘ میں  اپنی اداؤں اور شاندار پرفارمنس سے فلم بینوں کو اپنا گرویدہ بنالیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں