سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہوگئی، کرفیو کو 94ویں روز ہوگئے، کشمیری دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں اور دنیا مودی سرکاری کی ریاستی دہشت گردی پر خاموش ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں 94 ویں روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، وادی بھر میں تمام مواصلاتی رابطے، انٹرنیٹ سروس اور دیگر طبی سہولیات معطل ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیریوں مسلمانوں کو نہ کھانے پینے کی اشیا دستیاب ہیں اور نہ ہی دیگر ضروریات زندگی میا کی جا رہی ہیں۔ وادی میں قحط کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں، 4 ماہ سے کشمیریوں کو نماز جمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں دی جا رہی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔
مودی سرکار نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 ختم کرکے جموں وکشمیر اور لداخ کو زبردستی بھارتی یونین کا حصہ بنا دیا تھا۔
وادی میں بھارتی جارحیت، گذشتہ ماہ 10 کشمیریوں کی شہادتیں
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق گزشتہ ماہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں 10 کشمیریوں کی شہادتیں ہوئیں۔ بھارتی فورسز کی پیلٹ گنز، شیلنگ اور فائرنگ سے 57 کشمیری زخمی ہوئے۔