بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ پر کشمیر کا پرچم لہرایا گیا، سندھ حکومت کی ریلی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یوم یک جہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق 5 فروری پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لیے آج وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ پر پاکستان کے پرچم کے ساتھ کشمیر کا علم بھی لہرایا گیا، کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے کشمیر روڈ سے مزار قائد تک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں گورنر سندھ، نثار کھوڑو، فردوس شمیم نقوی و دیگر نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے، ہم آج کے دن کشمیر کے لوگوں کی رائے شماری کا مطالبہ دہراتے ہیں، اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی بربریت کا سخت نوٹس لے، اور مودی کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں مقدمہ کیا جائے۔

کشمیر روڈ سے نکالی گئی ریلی میں وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ موجود ہیں

دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

مارچ سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا یک جہتی کا آج کا دن بہت اہم ہے، کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، پوری دنیا کشمیر میں بھارتی بربریت کا تماشا دیکھ رہی ہے، کشمیر میں مودی کا قتل و غارت کا سلسلہ انتہا کو پہنچ گیا ہے، مودی کے نئے بل سے بھارت کے مزید ٹکرے ہوں گے، آج کی اس واک میں تمام سوسائٹیز کے لوگ ایک ساتھ ہیں، آج بہت بڑا پیغام بھارت کو دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

دریں اثنا، آئی جی سندھ کلیم امام نے بھی خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہر عروج کو زوال آتا ہے ایک دن آئے گا جب ظلم ختم ہوگا، اور حق کو فتح نصیب ہوگی، کشمیر کےعوام آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں