راولپنڈی : یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس ،سروسز چیفس اور مسلح افواج نے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں برداشت کررہے ہیں، ظلم کے مقابلے میں ان کا غیرمتزلزل عزم پوری قوم کیلئے عزم و حوصلے کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتی ہے، کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں ،جبری حراست کا سامنا ہے۔
کشمیریوں پر بھارت ظلم عالمی قانون، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ثبوت ہے، عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں، اقوام متحدہ فوری اور فیصلہ کن اقدام کرے۔
سلامتی کونسل کی قراردادوں پر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق عمل درآمد یقینی بنائیں، پاکستان کی مسلح افواج کشمیر کے منصفانہ کاز کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔
مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کےتحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں کی آزادی، وقار کے حصول میں کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے ہیں۔ پاکستان زندہ باد، کشمیر زندہ باد ۔