جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

وفاقی حکومت کے اعلان پر آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی حکومت کے اعلان پر (آج) جمعہ کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائےگا جبکہ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں پوری دنیا کے سامنے کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے قوم سے اپیل کی کہ وہ (آج) اپنے جذبات کا بھر پور اظہار کریں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ نہتے اور مظلوم شہریوں کے لئے آواز بلند کرنا ہر انسان کی اخلاقی ذمہ داری ہے، ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ 52 روز سے بدترین کرفیو نافذ کر رکھا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک میسر نہیں۔

شاہ محمود قریشی کی مختلف ممالک کے خارجہ حکام سے ملاقات

وزیر داخلہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان، بھارتی استبداد سے نجات کے لئے مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔

اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لئے اپنی آواز بھرپور طریقے سے بلند کریں، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں موجود ہیش ٹیگ کا استعمال کریں اور ہر پلیٹ فارم پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں کی آواز بنیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان بھی (آج) جمعہ کو اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں پوری دنیا کے سامنے کشمیر کے لئے آواز بلند کریں گے۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اس موقع پر ہمیں ایک ذمہ دار قوم کی حیثیت سے یکجا ہو کر اس ظلم کے خلاف کھڑا ہونا ہے، وزیراعظم نے اسلام کے پرامن ہونے کا پیغام دیا، ہمیں امن اور انصاف کے لئے ایک ہو کر اس بات کا عملی ثبوت دینا چاہیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں