اسلام آباد: وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ جنگ کی قیمت کا بھارت کو بھی اندازہ ہے اور کشمیرکبھی ہندوستان کا حصہ تھا نہ رہے گا۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم آزادکشمیرفاروق حیدرنے کہا کہ بھارت کبھی جنگ کی غلطی نہیں کرے گا کیونکہ جنگ کی قیمت کا بھارت کو بھی اندازہ ہے جبکہ کشمیرکبھی ہندوستان کا حصہ تھا اورنہ رہے گا۔
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کشمیرمیں خوف میں مبتلا اورسہمی ہوئی رہتی ہے اوربھارتی آرمی چیف اپنی تاریخ پیدائش تبدیل کرانے کےلیے بھاگتے ہیں جبکہ بھارتی ڈی جی ایم اوکشمیرکی صورتحال جانتے ہی نہیں ہیں۔
وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدرنے کہا کہ ہرکشمیری پاکستان کی حفاظت کےلیے بلاتنخواہ سپاہی بن کے کھڑا ہے، کشمیرکا بچہ بچہ پاکستان کا سپا ہی ہے اورہمارے لوگوں کے حوصلے بلند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کشمیرکے معاملے کوسنجیدگی سے لیں جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کا موقف دلائل کےساتھ پیش کیا۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کاحصہ نہ تھااورنہ ہوگا
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیرڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کاحصہ نہیں تھااور نہ ہو گا۔