سری نگر: کشمیری حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق کا کہنا ہے کہ خود مختار فلسطین ہی مسلم امہ کے لیے قابل قبول حل ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ اوآئی سی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، اقوام متحدہ فلسطین پراسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرائے۔
کشمیری حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق نے کہا کہ خودمختارفلسطین ہی مسلم امہ کے لیے قابل قبول حل ہے۔
او آئی سی نے بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دے دیا
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم نے بیت المقدس کو آزاد فلسطین کا دارالحکومت قرار دیتے ہوئے امریکی فیصلے کو خطے کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکہ کی یروشلم پالیسی کے خلاف سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان نے امریکہ کی مخالفت کرتے ہوئے اسے یکطرفہ فیصلہ قرار دیا تھا۔
امریکہ نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا
واضح رہے گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب امریکی سفارت خانے کو باقاعدہ طورپر یروشلم منتقل کردیا جائے گا۔