مظفر آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیریوں کی سرزمین پر قتل عام کررہی ہے، کشمیری مشکلات کے باوجود آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔
مسئلہ کشمیر سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق عالمی برادری کردار گھٹ گیا ہے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سے عملاً کنارہ کشی اختیار کررہی ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم جاری ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مضبوط پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔
یہ پڑھیں: کشمیر اور پاکستان کے گہرے رشتے کو کوئی جدا نہیں کر سکتا، مشعال ملک
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری شہید اور 25 زخمی ہوگئے تھے، کشمیریوں کی روزانہ شہادتوں اور بھارت کی بربریت پر بھی عالمی برادری کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے کو تیار نہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقضبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، وادی میں گمنام قبروں کا معاملہ بھارت کا چہرہ بے نقاب کرتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے معصوم کشمیروں پر مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خونریزی رکوائے، امید ہے عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔