سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ وادی میں قابض ریاستی فوج کے انتہا پسند سکیورٹی اہلکاروں نے تازہ کارروائی میں مزید 2کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
پی ٹی وی کے مطابق تازہ شہادتیں مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ہوئی ہیں۔ بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے بانڈ ی پورہ ، پلوامہ، راجوری اور کشتواڑ کے اضلاع میں بھی کشمیریوں کو ذہنی اذیت دینے کاسلسلہ جاری رکھا اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں، اس دوران شہریوں سے نامناسب اور نارواسلوک روا رکھا گیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی۔۔۔ضلع کپواڑہ میں 2کشمیری نوجوان شہید۔۔۔بانڈی پورہ، پلوامہ ، راجوری اور کشتوا ڑ کے اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جا ری۔۔۔ضلع بانڈی پورہ کے قصبے حاجن سے ایک نوجوان گرفتار۔۔ pic.twitter.com/fRK41qreoS
— PTV News (@PTVNewsOfficial) July 11, 2020
رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع بانڈی پورہ سے ایک نوجوان کو حراست میں بھی لیا ہے۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال اگست سے لاک ڈاؤن اور سخت کرفیو نافذ ہے اور اس دوران بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ہواہے۔
اس ایک سال کے دوران سیکڑوں کشمیری نوجوانوں کو آزادی مانگنے پرشہید اور پابند سلاسل کردیا گیا ہے۔
اپنے جرائم کو چھپانے کے لیے کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے کلگام میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی تاکہ مظلوموں کی آواز دنیا تک نہ پہنچ سکے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا میں آپریشن کے دوران ایک کار سوار کو گاڑی سے نیچے اتار تین سالہ نواسے کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔