سری نگر: ،کشمیری حریت رہنمایاسین ملک کو تقریباً چار ماہ کی قید کے بعد سری نگر کی سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے یاسین ملک کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سینٹرل جیل میں قید حریت رہنما کو گزشتہ شام رہا کیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھر بھی پہنچ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو آٹھ جولائی کو حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
حریت رہنما کو برہان وانی کی شہادت کے بعد غیر قانونی طور پر قید میں رکھا گیا جہاں ان کی صحت بگڑتی گئی۔ گذشتہ دنوں انہیں مبینہ طور پر طبی امداد نہ فراہم کرنے پر سری نگر میں بھارتی حکومت کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں:کشمیری رہنما یاسین ملک کی حالت بدستور تشویشناک
یاد رہے کہ یاسین ملک کو گزشتہ ہفتے اسپتال میں غلط انجیکشن لگنے کی وجہ سے ان کی طبعیت خراب ہوگئی تھی اور ان کے بائیں بازو نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے پیرکو حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو دو ماہ کی قید کے بعد رہا کیا گیا تھا تاہم انہیں ابھی ان کے گھر پر نظر بند رکھا گيا ہے۔
مزید پڑھیں:یاسین ملک کو اسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا
یاد رہے کہ دو روز قبل معروف حریت پسند رہنما یاسین ملک کو علاج مکمل کیے بغیر اسپتال سے سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا تھاحریت رہنما غلط انجیکشن لگنے کے باعث چھ روز قبل تشویشناک حالت میں اسپتال لائے گئے تھے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ 114 دنوں سے جاری عوامی احتجاج میں اب تک 100سے زیادہ افراد شہیداور پندرہ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔