منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں،وزیر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

مظفرآباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لائن آف کنٹرول پر مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے، مظلوم لوگوں کوگولیوں کا نشانہ بناتے ہیں،آپ کے درمیان بیٹھے یہ زخمی اشخاص ان مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں آپ کے عزم و ہمت اور حوصلے کی داد دیتا ہوں،انشا اللہ فتح آپ کی ہوگی کیونکہ آپ حق پر ہیں، یہ اور بات ہے کہ دنیا تجارتی،دیگر مصلحتوں کے تحت کھل کر آواز بلند نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ،عسکری وسیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر اتفاق رائے رکھتے ہیں،ہم آپ کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے،عمران خان بطور سفیر اور میں کشمیریوں کا مقدمہ ہر فورم پر لڑ رہے ہیں، ہم آپ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹا تاثر دے رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں،اگر حالات معمول پر ہیں تو مساجد کے تالے کھول دو؟ حالات معمول پر ہیں تو شہدا کی میتیں کیوں واپس نہیں کر رہے؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج بلا وجہ تعینات نہیں کی، بھارت نفسیاتی طور پر انحطاط کا شکار ہو رہا ہے،نفسیاتی طور پر کشمیری فتح یاب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری، پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہم سب ایک ہیں۔وزیر خارجہ کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ کشمیر ہائی وے اب سری نگر ہائی وے کہلائےگی،ہماری منزل سری نگر ہے،وہ دن دور نہیں جب کشمیری سری نگر جامع مسجدمیں شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں