سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کٹ پہن کر پاکستان کا قومی ترانہ گانے والے کھلاڑیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سرینگر کے ضلع گاندر بل میں ایک میچ سے قبل دو ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں تو ایک ٹیم نے پاکستان سے محبت کے اظہار کے طور پر سبز کٹ زیب تن کر رکھی تھی۔
میچ شروع ہونے سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ پڑھایا گیا جسے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے عقیدت و احترام سے سنا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد کٹھ پتلی انتظامیہ غم و غصے سے پاگل ہوگئی۔ بھارتی فوج نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر پاکستانی کٹ پہننے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو گرفتار کر لیا۔ میچ کا انعقاد کرنے والے افراد کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل صوفی بزرگ بابا دریا الدین کے نام سے منسوب مذکورہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھارتی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے مسئلے کو مختلف انداز میں اجاگر کرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: ترانے کے دوران چیونگم چبانے پر ہندو سراپا احتجاج
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اللہ ہمارے ساتھ ہے اس لیے ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔ پاکستان سے عقیدت کا اظہار کر کے مادر وطن سے محبت کا اظہار کیا ہے۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہم نے اس عمل سے کسی کو تکلیف نہیں دی اور نہ ہی ایسا کوئی مقصد تھا۔