سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے کرکٹرز نے پاکستان سے محبت کا ایک اور ثبوت پیش کرتے ہوئے میچ میں پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا اور گرین شرٹس کا یونیفارم بھی پہنا۔
مقبوضہ کشمیر کے گند بل ڈسٹرکٹ میں مقامی ٹیموں کے درمیان میچ میں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو ایک ٹیم پاکستانی کرکٹ ٹیم کا یونیفارم پہن کر میدان میں اتری اور میچ سے قبل عقیدت و احترام کے ساتھ پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا۔
اطلاعات کے مطابق یہ میچ ایسے موقع پر کھیلا گیا جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر کا دورہ کیا۔ صوفی بزرگ بابا دریا الدین کے نام سے منسوب ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھارتی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے مسئلے کو مختلف انداز میں اجاگر کرتے رہیں گے۔
پڑھیں: ’’ ترانے کے دوران چیونگم کیوں چبائی؟ کشمیری کرکٹر کے خلاف ہندوسراپا احتجاج ‘‘
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اللہ ہمارے ساتھ ہے اس لیے ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ہوتے، پاکستان سے عقیدت کا اظہار کر کے مادر وطن سے محبت کا اظہار کیا ہے۔کشمیری کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہم نے اس عمل سے کسی کو تکلیف نہیں دی اور نہ ہی ایسا کوئی مقصد تھا۔
ویڈیو دیکھیں
یاد رہے مختلف وقتوں میں کشمیریوں کی جانب سے پاکستان سے محبت کا والہانہ انداز دیکھنے میں آیا ہے، بھارتی فوج سے کی فائرنگ سے شہید ہونے والے مظلوم کشمیریوں کے جسد خاکی پر سبز ہلالی پرچم ڈالا جاتا ہے جبکہ احتجاج کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے جاتے ہیں۔
پاکستان سے محبت اور بھارتی حکومت سے آزادی کشمیریوں کا سب سے بڑا جرم قرار دیا جاتا ہے گزشتہ برس کانپور میں کھیلے جانے والے میچ میں انتہاء پسندوں نے کشمیری کھلاڑی پر ترانے کی بے حرمتی کا الزام لگایا جس کے بعد اُس کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔