مظفرآباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر کے پاکستان کو اشتعال دلانا چاہتا ہے، جنگی جنون میں مبتلاء بھارت ایمبولینسس کو بھی نشانہ بنانے لگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری بھارتی فوج کو مقبوضہ وادی سے نکال کر دم لیں گے، ہم جہاں بیٹھے ہیں وہ پاکستان کی فصیل ہے اور کشمیری پاکستان کی حفاظت کررہے ہیں۔
راجا فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت جنون میں بہت آگے نکل چکا ہے اور وہ پاکستان کو اشتعال دلانا چاہتا ہے، دوسری جنگ عظیم میں بھی کسی ایمبولینس کو نشانہ نہیں بنایا گیا مگر آج بھارتی فوج نے مریض منتقل کرنے والی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا۔
پڑھیں: بھارتی فوج کی وادی نیلم میں مسافر بس پر فائرنگ ،9شہری شہید
خیال رہے کہ آج صبح بھارتی فورسز نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وادی نیلم میں ڈھڈیال کے قریب مسافر کوچ پر راکٹ فائر کیا جس کے نتیجے میں 9 عام شہری شہید اور 7 زخمی ہوئے تھے جبکہ جنونی فوجیوں نے زخمیوں کے لیے بلائی گئی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی۔