تازہ ترین

کشمیری اقوام متحدہ کے فیصلوں پر عمل نہ ہونے پر مایوس ہیں، معید یوسف

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کے فیصلوں پر عمل نہ ہونے پر مایوس ہیں، اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کیے ہوئے وعدے پورے کرے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے ترکی کی نیوز ایجنسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جامع سیکیورٹی پالیسی کا ہدف سلامتی اور فلاح ہے، بھارت افغانستان میں پاکستان کے خلاف سازش کررہا ہے، پاکستان عالمی قانون پر یقین رکھتا ہے اور اس کی پاسداری کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت کو صحیح اقدام کی ضرورت ہے، خطے میں امن بھارت کے درست سمت میں چلنے پر منحصر ہے، پاکستان اپنا موقف اور جائز مطالبات فعال طریقے سے بار آور کرتا رہے گا۔

معید یوسف نے کہا کہ ہمارے وژن کے تین ستون علاقائی امن، راہداری اور ترقیاتی شراکت داری ہے، پاکستان پوری دنیا کو معاشی اڈے فراہم کرنے کے لیے کھلا ہے، پاکستان کا ہدف سرحدوں اور علاقے میں امن ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مغربی افراد یہاں آتے ہیں تو دیکھتے ہیں مغربی میڈیا پاکستان کو غلط دکھا رہا ہے، کشمیر زمین کے تنازع سے پہلے انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، مغربی میڈیا بھارت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر سرزنش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے اور اصولی طور پر بات چیت کے لیے کھڑا ہے، دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرے، بھارت کی خارجہ پالیسی پاکستان کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہتی ہے۔

Comments

- Advertisement -