اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں نے اپنے خون سے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ کشمیری بھرپوراندازمیں تحریک حق خودارادیت چلا رہے ہیں، برہان وانی سمیت کشمیریوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہوں۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین صورت حال، ظلم وبربریت ہے، کشمیریوں نے اپنے خون سے مسئلہ کشمیرکو زندہ رکھا ہوا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کی صورت حال کو بھرپور اجاگر کر رہی ہے، وزیراعظم، وزیرخارجہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پرفعال ہیں، 5 ماہ میں یواین کی سلامتی کونسل کے 2 اجلاس ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کو 5 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔
بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی، دو روز میں 5 کشمیری شہید
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت تھم نہ سکی، قابض فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیریوں کو شہید کر دیا جس کے بعد گزشتہ دو روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔