اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفرالحق کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر بے انتہا مظالم ڈھا رہا ہے، کشمیری سات دہائیوں سے اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم قائد پرحریت کانفرنس کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر گول میز کانفرنس ہوئی۔ چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی فخر امام تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سابق صدر آزاد کشمیرسردار یعقوب خان وحریت قائدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
راجہ ظفرالحق نے کہا کہ یوم قائد پرکشمیرگول میز کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، قائداعظم نے کشمیرکو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، کشمیری محب وطن ہیں، ملک کی خاطرقربانیاں دے رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم متحد ہے، حکومت کو مسئلہ کشمیر پرمربوط حکمت عملی وضح کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پہلی بار کشمیر پر بھارتی بیانیے کو پزیرائی نہیں مل رہی۔
راجہ ظفرالحق نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر بے انتہا مظالم ڈھا رہا ہے، کشمیری سات دہائیوں سے اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 143 دن ہوگئے، مظلوم کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں، اشیائے خورونوش کی شدید قلت کا سامنا ہے، وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز مسلسل معطل جا رہی ہیں۔