سری نگر : حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق نے 26 جنوری کو بھارت کا یوم جموریہ یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان کردیا ہے، کشمیری قابض بھارت کیخلاف پر امن احتجاج سے اپنے غصے کا اظہارکریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزکی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ، وادی میں لاک ڈاؤن کوایک سو تہتر روز ہوگئے اور معمولات زندگی بحال نہ ہوسکی، تعلیمی ادارے ، تجارتی مراکز اور ٹرانسپورٹ سروس بند ہے۔
مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بدستورمعطل ہے جبکہ شدید سردی میں گھروں میں محصورکشمیری دواؤں اورکھانے پینے کی اشیا کی قلت کا شکارہیں۔
پلواما میں بھارتی فورسزکی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا،نوجوان کو گھرگھرتلاشی کے دوران شہید کیا گیا جبکہ پلواما سمیت دیگر اضلاع میں ناکہ بندی اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق کا کہنا ہے کہ بھارت کا یوم جمہوریہ،یوم احتجاج کے طورپرمنایا جائے گا، کشمیری قابض بھارت کیخلاف پرامن احتجاج سے اپنے غصے کا اظہار کریں گے جبکہ حریت کانفرنس سمیت کشمیری تنظیموں نے26 جنوری کو بھارت کا یوم جموریہ یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز پلواما میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہیددونوجوانوں کے جنازے میں ہزاروں افراد نے کرفیوکی پابندیاں توڑ کرشرکت کی تھی۔