سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری رہنماؤں نے قابض فوجیوں کے ہیڈکواٹرز کی طرف مارچ کی کال دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے شہریوں پر مظالم کے خلاف کشمیری رہنماؤں نے سری نگر میں قابض فوجیوں کے ہیڈکواٹرز کی طرف مارچ کی کال دی ہے۔
مارچ کے پیش نظر علاقے میں کرفیو کا سما ہے جبکہ علی گیلانی اور میرواعظ کو نظر بند کردیا گیا۔
یاسین ملک مارچ کی قیادت کے لیے انڈر گراؤنڈ ہوگئے، دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر نے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔
پلوامامیں نہتے کشمیریوں کی شہادت مقبوضہ کشمیر میں جبر وظلم کی یاددہانی ہے ، وزیر خزانہ
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ گولیاں آزادی کے نہتے اور بہادر متوالوں کو دبا نہیں سکتیں، بھارتی فوج کو پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
حریت رہنماؤں نے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے، دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو اجاگر کریں،دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے لیکن دنیا اتنی بے حس اور لاتعلق نہیں ہوسکتی۔