کشمور: کچے کے ڈاکوؤں نے کشمور سے نجی کمپنی کے سیلز آفیسر کو اغوا کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے ایک پرائیویٹ کمپنی کے سیلز آفیسر کو فیلڈ سے اغوا کر لیا، مغوی کی شناخت کشمور کے رہائشی سراج احمد گولاٹو کے نام سے ہوئی ہے۔
سراج احمد گولاٹو کو فیلڈ سے کمپنی کی گاڑی سمیت اغوا کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی جانب سے مغوی کے بھائی کو فون کر کے تاوان ادا کرنے کا کہا گیا ہے، ڈاکوؤں نے کہا کہ اپنے بھائی کی رہائی کے لیے تاوان کا بندوبست کرو۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم اور مغوی سیلز آفیسر کے ورثا کچے کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے آج میڈیا کو بریفنگ میں کہا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کو نیست و نابود کیا جائے گا، حکومت بھرپور ساتھ دے رہی ہے جلد ڈاکوؤں سے نجات مل جائے گی۔