کشمور: صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں ایک تھانے کا ایس ایچ او پولیس اہلکار سمیت اغوا ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کشمور میں مغوی بچے کو بازیاب کرانے کے لیے جانے والا پولیس افسر خود یرغمال بن گیا، ڈاکوؤں نے ایس ایچ او گل محمد مہر کے ساتھ آنے والے اہلکار اور دیگر دو افراد کو اغوا کر لیا۔
ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق 10 سالہ بچے فرحان کی بازیابی کے لیے پولیس نے چھاپا مارا تھا، لیکن چھاپے کے دوران ایس ایچ او اور ایک اہلکار کو یرغمال بنا لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او خفیہ اطلاع ملنے پر دس سال کے بچے فرحان سومرو کو بازیاب کرانے کچے کے علاقے گیہل پور جا رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا، اغوا کاروں نے ایس ایچ او کے فون سے لواحقین کو فون کر کے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا ہے۔
ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ ایس ایچ او کشمور تھانہ، اور اہلکار اور بچے کی بازیابی کے لیے پولیس کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل کاروں کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا۔