چنئی: معروف بھارتی اداکارہ کو مبینہ طور پر توہین آمیز بیان دینے پر پولیس نے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کستھوری شنکر کو مبینہ طور پر تیلگو مخالف بیان دینے پر پولیس نے حیدرآباد میں دوست کے گھر سے گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ حیدرآباد میں دوست کے گھر پناہ لے کر گرفتاری سے بچ رہی تھیں۔ کستھوری شنکر کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کے لیے چنئی لایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے مبینہ طور پر 3 نومبر کو احتجاج میں تیلگو کمیونٹی کے بعض طبقات کو ناراض کرنے والے ریمارکس دیئے تھے۔
احتجاج سے خطاب میں اداکارہ نے کہا تھا کہ تیلگو خواتین کا ایک گروپ تمل ناڈو میں بادشاہوں کی خدمت کے لیے درباریوں کے طور پر آیا تھا لیکن اس کے بعد سے اس نے تمل شناخت کو اپنا لیا اور برہمنوں کو مارنا شروع کیا۔
بعدازاں اداکارہ نے وضاحت دی تھی کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ان کا مقصد تیلگو کمیونٹی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔
تاہم اداکارہ کے خلاف نائیڈو مہاجنا سنگم اسٹیٹ ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نے شکایت درج کروائی تھی۔ جبکہ ان کی ضمانت کی درخواست کو مدراس ہائیکورٹ نے مسترد کردیا۔