ممبئی : بالی ووڈ کی معروف اداکارہ قطرینہ کیف نے ادا کاری کے بعد فلم سازی کے میدان میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کر لیا، وہ آج کل اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر اپنی فلم بنانے کیلئے صلاح مشورے کررہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فلموں کی خوبرو اداکارہ قطرینہ کیف متعدد کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد اپنا پروڈکشن ہاؤس بنانے کی تیاریاں کررہی ہیں جس میں وہ اپنی چھوٹی بہن ایزا بیل کو متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔
حال ہی میں ایزابیل کو قطرینہ کیف کے ساتھ کئی پارٹیوں میں شرکت کرتے دیکھا گیا ہے اور اس کے بعد سے ہی ان کے بالی وڈ میں قدم رکھنے کی باتیں گشت کرنے لگیں۔ ویسے ابھی وہ برطانیہ میں مقیم ہیں اور وہاں ماڈلنگ اور اداکاری کرتی ہیں۔
بھارتی اخبار کے مطابق وہ اپنے ‘ہدایت کار دوستوں کے ساتھ فلموں کی کہانیوں پر بھی غور کر رہیں’ تاکہ مناسب کہانی کے ساتھ وہ اپنی بہن کو اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر سے لانچ کر سکیں۔
پہلے یہ خبریں گشت کر رہی تھیں کہ سلمان خان ان کی بہن ایزابیل کو لانچ کریں گے۔ خیال رہے کہ قطرینہ کیف کو بھی سلمان نے ہی فلم انڈسٹری میں لانچ کیا تھا۔
بالی وڈ میں اداکاروں اور فنکاروں کا کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد فلم ساز بننا نیا نہیں ہے۔ قطرینہ کیف سے قبل یہ کام انوشکا شرما اور پرینکا چوپڑہ کامیابی کے ساتھ انجام دے چکی ہیں۔