کراچی: کے الیکٹرک نے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی الیکٹرک نے کمشنر کراچی اور عوامی نمائندوں کو پورے شہر میں رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔
کراچی میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کے سنگین ہوتے مسئلے پر بدھ کی شام کو کمشنر کراچی کے نوٹس کے بعد کمشنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بلایا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی آصف خان، ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ڈپٹی کمشنر کیماڑی، اور کراچی الیکٹرک کے سی ڈی او عامر ضیا نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہر میں بجلی کی علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کے بحران پر قابو پانے کی تجاویز پیش کی گئیں، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مسئلے کے حل کے لیے عوامی نمائندوں، اہل علاقہ اور KE کے افسران کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر کےالیکٹرک کا مؤقف
کے ای انتظامیہ کے مطابق تیل اور گیس کے بحران کی وجہ سے کراچی الیکٹرک کے 2 فیڈرز بند ہیں، جس کے باعث کراچی الیکٹرک شہر کی بجلی کی کھپت کو پورا کرنے سے قاصر ہے۔
کے الیکٹرک نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں شہر بھر کے رہائشی علاقوں سے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے۔
کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہا بجلی کے بحران کو ہر قیمت پر حل کرنا ہوگا، شہریوں کو ان کی بنیادی سہولیات پہنچانے کے لیے کراچی انتظامیہ ہمہ وقت تیار ہے، میں وزیر اعلیٰ سند ھ کی ہدایت کی روشنی میں اس مسلئے کے حل کے لیے ہر قسم کی کوشش کروں گا۔