کراچی: شہر قائد میں ہونے والی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باوجود کے الیکٹرک نے اپنی روش نہ بدلی اور انوکھی منطق پیش کردی۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی کیونکہ ادارے کی جانب سے رجسٹرڈ صارفین کو کسی بھی تعطل کی پیشگی اطلاع دی جاتی ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ بیان کی اور بتایا کہ فرنس آئل، گیس کی فراہمی میں کمی کی وجہ سے پیداواری صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔
ترجمان نے کےالیکٹرک کےگرداسٹیشن پر ہونے والے حملےکی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں: کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ سے قرنطینہ میں مریضوں کی حالت خراب
یہ بھی پڑھیں: بجلی کی لوڈ شیڈنگ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا وزیر توانائی سے شکوہ
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ ایک ہفتے سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں معمول کے علاوہ 6 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدت ، اضافی بلنگ اور لوڈ شیڈنگ سے تنگ شہریوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے اور اعلیٰ حکام سے کے الیکٹرک کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔