مہنگی بجلی سے پریشان کراچی والوں کیلیے اچھی خبر ہے کہ بجلی کی قیمت میں معمولی کمی کر دی گئی ہے۔
کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 18 پیسے فی یونٹ سستی ہو گئی۔ نیپرا نے ستمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ مد میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کےالیکٹرک صارفین کو کمی کا ریلیف دسمبر 2024 کے بلوں میں دیا جائے گا تاہم ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر اطلاق نہیں ہو گا۔
کےالیکٹرک نے ستمبر کی ایڈجسٹمنٹ میں 16 پیسے فی یونٹ کمی مانگی تھی۔ کےالیکٹرک نےصارفین کو 24 کروڑ 70 لاکھ روپے واپس کرنےکی درخواست کی تھی۔
علاوہ ازیں کے الیکٹرک کے لیے ملٹی ایئر ٹیرف کی مد میں تین سے چھ روپے تک اضافے کی تجویز ہے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے ملٹی ایئر ٹیرف میں اضافے کی درخواست دے دی گئی ہے جس کی سماعت نیپرا کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نیپرا کے الیکٹرک کے تجویز کردہ اضافے کی منظوری دے دیتا ہے تو اس کے بعد بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت بڑھ کر 47 روپے تک پہنچ جائے گی اور اس اضافے کے بعد کے الیکٹرک اور دیگر ڈسکوز کے درمیان ٹیرف کی قیمت کا فرق 12 روپے تک بڑھ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک میں شیئرز ہولڈر سعودی کمپنی نے ہائی لیول پر ملٹی ائیر ٹیرف کی بات کی ہے جب کہ ملٹی ایئر ٹیرف کیلیے ایس آئی ایف سی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملٹی ایئر ٹیرف کے بعد کے الیکٹرک میں غیر ملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور کے الیکٹرک کے لیے ملٹی ایئر ٹیرف ڈیفرینشیل سبسڈی بھی بڑھ سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا میں کے الیکٹرک کیلیے ملٹی ائیر ٹیرف پر ہیئرنگ رواں ہفتے متوقع ہے اور کے الیکٹرک کو ملٹی ایئر ٹیرف دینے کیلیے پبلک ہیئرنگ کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔