ترجمان کےالیکٹرک نے کہا ہے کہ امتحانی مراکز سے متعلق کراچی میٹرک بورڈ کا خط بروز منگل شام کے اوقات میں باضابطہ موصول ہو گیا ہے۔
کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات جاری ہیں، امتحانی مراکز کے حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ کراچی میٹرک بورڈ کی جانب سے امتحانی مراکز کی تفصیلی لسٹ موصول ہوئی ہے، کےالیکٹرک محکمہ تعلیم کے ساتھ مکمل تعاون کریگا تاکہ امتحانات کے دوران طلبہ کو کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
امتحانات کے اوقات میں امتحانی مراکز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھنے کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ امتحانی مراکز پر بجلی سپلائی کے حوالے سے محکمہ تعلیم سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
کےالیکٹرک ترجمان نے بتایا کہ محکمہ تعلیم سے اس سلسلے میں مکمل رابطے میں ہیں اور کےالیکٹرک بطور ذمہ دار سماجی ادارہ، امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان نے امتحانی مراکز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اقدامات سے متعلق بتایا کہ شہر بھر میں کےالیکٹرک نیٹ ورک کا 70 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ سے مکمل مستثنیٰ ہے جس میں تمام امتحانی مراکز شامل ہیں۔
ادارے کے ترجمان کے مطابق امتحانی مراکز پر بجلی کی مسلسل فراہمی کو اولین ترجیح حاصل ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔