امریکا کے مختلف علاقوں میں شدید سردی سے کم از کم 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی میں بارش اور سیلاب سے 8 افراد ہلاک ہوئے۔
گورنر کینٹکی کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں گاڑیاں پانی میں ڈوبنے کے باعث ہوئیں، جبکہ اتوار کے روز سیلاب میں پھنسے سیکڑوں افراد کو ریسکیو بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے 39 ہزار صارفین بجلی سے محروم ہیں۔
دوسری جانب امریکا کے شمالی اور میدانی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ورجینیا، میری لینڈ اور پنسلوینیا میں برفانی طوفان کا امکان ہے اور الرٹ جاری کردیا گیا ہے، نیویارک میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
منی سوٹا میں درجہ حرارت منفی 40 سے منفی 45 ڈگری تک گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کے بیشتر حصے بھی شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں، جس کے سبب 150 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
تیز بارش کے بعد سرخ سیلاب کی ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کو ششدر کر دیا
رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے مختلف شہروں میں برف باری کے باعث ٹریفک حادثات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مشرقی اونٹاریو اور مغربی کیوبیک کے بیشتر علاقوں کے لیے طوفان کی وارننگ ہے جبکہ مزید 25 سے 40 سینٹی میٹر تک برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ٹورنٹو میں سڑکوں اور گاڑیوں پر برف ہی برف نظر آتی ہے۔