بھارت کی ریاست کیرالہ میں بھاری جہیز کے مطالبے پر خودکشی کرنے والی ڈاکٹر شاہانہ کا انتہائی قدم اٹھانے سے قبل لکھا گیا نوٹ منظرِ عام پر آگیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ ڈاکٹر شاہانہ نے بوائے فرینڈ کی جانب سے بھاری جہیز کے مطالبے پر گزشتہ روز خودکشی کی تھی کیونکہ ان کی فیملی خراب معاشی حالات کے باعث مطالبہ پورا کرنے سے قاصر تھی۔
پولیس کو ڈاکٹر شاہانہ کے اپارٹمنٹ سے نوٹ ملا ہے جو مبینہ طور پر خودکشی سے قبل لکھا گیا تھا۔ اس میں وہ کہتے ہیں کہ ’میرے بوائے فرینڈ ڈاکٹر ای اے رویس نے بھاری جہیز کا مطالبہ کیا تھا اور انکار پر شادی منسوخ کرنے کی دھمکی دی تھی۔‘
نوٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’یہ سچ ہے کہ میری فیملی زمین اور ڈیڑھ کلو گرام سونا جہیز میں نہیں دے سکتی۔‘ پولیس نے واقعے کے فوراً بعد مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم ڈاکٹر ای اے رویس کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے نوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ خاتون نے خودکشی کی کیونکہ ملزم کا ارادہ اس سے شادی کا وعدہ کر کے اس کی زندگی برباد کرنا تھا۔ پولیس نے آج ملزم کو عدالت میں پیش کیا جہاں اس کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر شاہانہ ملزم کے ساتھ تعلقات میں تھیں اور دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ڈاکٹر شاہانہ کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ملزم نے جہیز میں 150 تولہ سونا، 15 ایکڑ زمین اور ایک بی ایم ڈبلیو کار کا مطالبہ کیا تھا۔