بھارت میں کیرالہ کی ایک عدالت نے لڑکی کو اپنے دوست کو قتل کرنے کے جرم میں موت کی سزا سنادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے دوست کو قتل کرنے والی لڑکی کی شناخت گریشما کے طورپر کی گئی ہے۔ عدالت نے کیس کے تیسرے ملزم نرمل کمارن نائر (لڑکی کے چچا) کو تین سال قید کی سزا سنائی۔ وہ شواہد کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھا۔
رپورٹس کے مطابق کیس کی دوسری ملزم گریشما کی ماں کو ثبوت نہ ملنے پر رہا کردیا گیا، 24 سالہ گریشما نے اپنی تعلیمی کامیابیوں اور مجرمانہ تاریخ نہ ہونے کی وجہ سے سزا میں نرمی کی درخواست کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق مرنے والے کی شناخت شرون راج کے نام سے ہوئی تھی، استغاثہ کے مطابق مقتول کو اس کی فرینڈ گریشما نے 14 اکتوبر 2022 کو تامل ناڈو کے کنیا کماری میں واقع اپنے گھر میں زہر دیا تھا۔
مقتول زہر پینے کے بعد 25 اکتوبر کو اسپتال میں دم توڑ گیا تھا، گریشما نے قتل کی سازش اس وقت رچی جب اس کی شادی ایک فوجی سے طے پا گئی لیکن راج نے اس کے ساتھ اپنا رشتہ ختم کرنے سے منع کردیا تھا۔
اس سے قبل بھارت میں مغربی بنگال کی عدالت نے آج آر جی کر میڈیکل کالج کی ٹرینی ڈاکٹر سے عصمت دری و قتل کے معاملے میں مجرم کو سزا سنادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اس عصمت دری و قتل کے معاملے میں قصوروار قرار دیے گئے سنجے رائے کو عمر قید کی سزا سنادی، ساتھ ہی عدالت نے سنجے پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کردیا۔
رپورٹس کے مطابق مجرم سنجے رائے کے لیے متاثرہ ٹرینی ڈاکٹر کے والد نے سزائے موت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن عدالت نے اس معاملہ میں دی جانے والی کم از کم سزا یعنی تاحیات قید کی سزا سنائی۔
ہاسٹل میں انجینئرنگ کی طالبہ سے زیادتی
عدالت کی جانب سے مغربی بنگال حکومت کو حکم دیا گیا کہ وہ زیادتی و قتل کا نشانہ بننے والی لڑکی کی فیملی کو 17 لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کرے۔