آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم کے ایک کھلاڑی کی شرکت مشکوک ہوگئی۔
بھارتی ٹیم کے نائب کپتان اور اوپنر شبھمن گل نے پریس کانفرنس کے دوران تصدیق کی کہ وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کی پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہے۔
رشبھ پنت جو جمعرات کو بنگلادیش کیخلاف افتتاآحی میچ کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز بھی محروم رہے ہیں ان کی پاکستان کے خلاف میچ میں کھیلنے کا امکان بھی نہیں ہے۔
شبھمن گل نے بتایا کہ رشبھ پنت وائرل بخار میں مبتلا ہیں میرے خیال میں اسی وجہ سے وہ پریکٹس کے لیے نہیں آئے۔
یہ پڑھیں: ’میں چاہتا ہوں پاکستان، بھارت سے جیت جائے‘ سابق بھارتی کرکٹر کی خواہش
نائب کپتان نے کہا کہ ہمیں مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے لیکن ہم پچ کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی مرتب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ دبئی میں پہلا میچ کھیل لیا اور دیکھا کہ وکٹ کیسی ہے۔
شبھمن گل نے بتایا کہ دبئی کی وکٹوں پر 260 سے 280 رنز کا ٹوٹل اچھا ہے، ہم 320 سے 350 رنز بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں، ہمارا کوئی خاص ہدف نہیں لیکن کوشش کرتے ہیں کسی بھی پچ پر مجموعی طور پر 15 سے 30 رنز زیادہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دبئی کی پچ پر ٹاس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔