بھارتی سائوتھ انڈسٹری کی بلاک بسٹر فلم کےجی ایف 3 کی تصدیق ہوگئی ہے، راکی بھائی اپنے مداحوں سے ملنے جلد آرہے ہیں۔
کےجی ایف چیپٹر 2 کے میکرز نے فلم کی تیسری سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی ویڈیو جاری کرکے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، انھوں نے کےجی ایف چیپٹر 3 کے حوالے سے ایک اشارہ دے دیا ہے جس کے بعد مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ویڈیو میں شائقین کو فلم کے اگلے چیپٹر کے حوالے سے ایک نئی امید فراہم کی گئی ہے جو کہ بلاک بسٹر فرنچائز کی اگلی فلم دیکھنے کے شدت سے منتظر ہیں۔
کے جی ایف چیپٹر 2 اپریل 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے تین کامیاب سال مکمل ہوگئے، پروڈکشن ہاؤس ہومبلے فلمز نے فلم کے مشہور لمحات پر مشتمل ایک خصوصی ویڈیو مونٹاج انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔
View this post on Instagram
ویڈیو کے ساتھ، کیپشن میں لکھا گیا ہے "کےجی ایف چیپٹر2 کے 3 سال کا جشن، ایک خوفناک طوفان جس نے سلور اسکرین کو ہلا کر رکھ دیا، تھیٹرز کو جشن کے میدانوں میں تبدیل کر دیا اور سونے سے جڑی میراث چھوڑ دی”۔
ویڈیو میں کئی یادگار مناظر کے بعد وائس اوور میں اعلان کیا گیا "کےجی ایف کی کہانی، راکی کی کہانی، یہ نامکمل نہیں رہ سکتی!”
اس کے فوراً بعد ایک ویژول اس ویڈیو میں نظر آتا ہے جس میں "کےجی ایف چیپٹر 3” لکھا ہوا نظر آتا ہے، جس کے ساتھ یش یعنی راکی بھائی آواز آتی ہے، "جلد ملتے ہیں۔”