اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

علامہ خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ ادا، ہزاروں افراد شریک

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ گریٹراقبال پارک میں ادا کردی گئی اس موقع پر ہزاروں افراد نے شرکت کی، مرحوم کی تدفین بعد نماز عصر کی جائے گی۔

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی جو گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے تھے کی نماز جنازہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ادا کردی گئی۔

مرحوم کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے علامہ سعد رضوی نے پڑھائی، اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جنازے سے قبل علامہ خادم حسین رضوی کی میت ان کی رہائش گاہ پر کارکنوں اور عقیدت مندوں کے دیدار کے لیے رکھ دی گئی تھی۔

نماز جنازہ سے قبل شہریوں کو نقل و حرکت میں دشواری سے بچانے کے لیے ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

یتیم خانہ چوک سے ان کے جسد خاکی کو مینار پاکستان پہنچانے میں چھ گھنٹے سے زائد کا وقت لگا، مینار پاکستان میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ کل رات سے ہی شروع ہو چکا تھا ۔

اس حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مرحوم کی تدفین بعد نماز عصر کی جائے گی۔

مرحوم کے خاندانی ذرائع نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ علامہ خادم حسین رضوی گزشتہ چند روز سے بخار میں مبتلا تھے اور وہ آج قضائے الہی سے انتقال کرگئے۔

خادم رضوی کو طبعیت بگڑنے پر شیخ زاید ہسپتال لے جایا گیا  تاہم ہسپتال انتظامیہ کے مطابق وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔

قبل ازیں ٹی ایل پی کے اجلاس میں مرحوم علامہ خادم حسین رضوی کے بڑے صاحبزادے سعد رضوی کو تحریک لبیک کا امیر مقرر کیا گیا، جماعت کے نئے امیر علامہ سعد رضوی نے حلف بھی اٹھا لیا ہے۔

نماز جنازہ سے قبل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سعد رضوی نے کہا کہ ہم علامہ خادم حسین رضوی کی نصیحت پر عمل کریں گے،گستاخی رسول کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور مرحوم کا مشن جاری رکھیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں