خیرپور: اے ایس پی عمران کھوکھر کی سربراہی میں پولیس نے مختلف مدارس پر چھاپے مارتے ہوئے 25 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیر پور میں پولیس نے مختلف مقامات پر قائم مدارس پر چھاپہ مار کر 25 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار کیے گئے طلبہ میں سے ایک کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقے استور سے بتایا گیا ہے۔
اے ایس پی عمران کھوکھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’گرفتار ملزمان کو کوائف مکمل نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جائے گی اور بے گناہ طلباء کو رہا کردیا جائے گا‘‘۔
عمران کھوکھر نے مزید کہا کہ ’’اہل سنت والجماعت خیرپور نے ضلع بھر میں 15 محرم تک تمام مدارس بند رکھنے کی یقین دہانی کروادی ہے، پولیس اُن کے تعاون کی انتہائی مشکور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’محرم الحرام میں امن و امان قائم کرنے اور دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر مدارس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور اس ضمن میں مدارس کی انتظامیہ سے بھی بند رکھنے کی استدعا کی گئی تھی جسے انتظامیہ نے تسلیم کرتے ہوئے 15 محرم تک ضلع بھر کے تمام مدارس بند رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے‘‘۔
انہوں نے تمام مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمام جماعتوں کا قومی فریضہ ہے کہ وہ قانون کے ساتھ تعاون کریں، کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں تاہم تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا‘‘۔
Comments