قلات: سابق مشیرخزانہ بلوچستان میر خالد خان لانگو کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کی گرفتاری کے خلاف دوسرے روز بھی بلوچستان کے علاقوں قلات اور منگچر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔
مشتعل مظاہرین نے دوسرے روزبھی ٹائر نظر آتش کر کے قومی شاہراہ کو احتجاجاً بلاک کیا، مشتعل مظاہرین نے صوبائی حکومت اور نیب بلوچستان کے خلاف شدید نعرے بازی گی۔
مظاہرین نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی سڑک پر سات گھنٹے احتجاج کیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات نصیر احمد جتک اور اسسٹنٹ کمشنر نے نیشنل پارٹی کے رہنماؤں سے مذاکرات کیے اور قومی شاہراہ کو کھول دیا گیا۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قائدین کے حکم پر قومی شاہرہ کو عارضی طور پر کھولا ہے، اگر نیب بلوچستان نے سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو فوری طور پر رہا نہیں کیا تو پھر اس شاہراہ کو غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرکے سخت احتجاج کیا جائے گا۔
واضح رہے دو روز قبل خالد لانگو کو نیب نے بلوچستان کی عدالت سے گرفتار کر کے آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جج نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے چودہ روزہ جسمانی ریمارنڈ نیب کے حوالے کردیا ہے۔