کراچی : کنوینر ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مہاجر ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہمارے ہوتے ہوئے پاکستان کے استحقاق کو کوئی خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام نشتر پارک کراچی میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اپنی عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی آمریت کے خلاف پاکستان کاسب سے مضبوط مورچہ اور جمہوریت کا سب سے بلند قلعہ ہے، مہاجرقوم حوصلہ رکھے، مہاجروں کو کوئی ختم نہیں کرسکتا آپ کی شناخت کوئی نہیں مٹاسکتا۔
خالدمقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جہاں ہم کھڑے ہیں وہ پاکستان ہے، ہم یہاں آئے ہیں تو یہ پاکستان ہے، ایم کیوایم کو ختم کرنے والے اپنا حوصلہ ختم کرچکے ہیں، جو راستہ روکتے تھے وہ اپنا راستہ بھول چکے ہیں۔
کنوینر ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں، ہم نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہم بھارت کو کہتے ہیں کہ ہم تمہاری سرحدوں کو توڑ کر آئے تھے۔