کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ماہر تعلیم خالد رضا کو قتل کیے جانے کا کیس محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 7 میں ماہر تعلیم خالد رضا کے قتل کے 2 روز بعد پولیس حکام نے کیس کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم کی جانب سے قبول کی گئی تھی، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا اشارہ بھی ملا تھا۔
پولیس کے مطابق قتل کیس میں دہشت گردی کا معاملہ سامنے آنے پر کیس سی ٹی ڈی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، سی ٹی ڈی کی جانب سے اب جلد کیس پر کام شروع کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 26 فروری کی رات خالد رضا کو ان کے گھر کی دہلیز پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، تفتیشی حکام کے مطابق اسلام آباد میں امتیاز عالم کا قتل، محمود آباد میں ظہور نامی شہری کا قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہوسکتی ہے۔
تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ قتل کی تینوں وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔