9/11 کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ سمیت 3 ملزموں کی ڈیل کی راہ ہموار ہو گئی۔
نائن الیون حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ سمیت 3 ملزموں سے ڈیل کی راہ ہموار ہو گئی ہے، یو ایس ملٹری اپیلز کورٹ نے نائن الیون کے دہشت گرد حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کے ساتھ ایک پلی ڈیل برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بغیر کسی مقدمے کے کئی دہائیوں سے قید خالد شیخ محمد اور دو دیگر مشتبہ ملزمان نے پینٹاگون کے پراسیکیوٹرز کے ساتھ اعتراف جرم کے بدلے ممکنہ سزائے موت سے بچنے کا معاہدہ کیا تھا۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اگست میں پلی ڈیلز کو یہ کہہ کر منسوخ کر دیا تھا کہ اس معاملے میں ان سے مشاورت نہیں کی گئی ہے، تاہم ملٹری اپیلیٹ کورٹ نے وزیر دفاع کی اپیل مسترد کر دی۔
نائن الیون حملوں میں تقریبا 3000 افراد ہلاک ہوئے تھے، ڈیل کی صورت میں خالد شیخ محمد سمیت تین افراد 9/11 حملوں کی سازش کرنے کا اعتراف کر کے سزائے موت سے بچ جائیں گے۔ تینوں افراد کو سزائے موت کا سامنا تھا، ٹائمز کے مطابق معاہدے کے تحت، انھوں نے عمر قید کی سزا کے بدلے جنگی جرائم کا اعتراف کرنے پر اتفاق کیا۔
جب اس معاہدے کی خبریں سامنے آئیں تو متاثرین کے اہل خانہ اور کچھ ریپبلکنز کی جانب سے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، جس پر لائیڈ آسٹن نے اگست کے اوائل میں اس معاہدے کو منسوخ کر دیا، اور اس کے بعد قانونی چارہ جوئی کا ایک اور دور شروع ہوا۔