لاہور: معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ نازیبا ویڈیو وائرل ہونے سے ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والوں کے خلاف سائبر کرائم میں درخواست دے دی۔
خلیل الرحمان قمر کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دھوکے سے بلا کر ویڈیوز بنائیں، بلیک میل کرکے رقم بٹوری، ملزمان نے رقم دینے سے انکار پر نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔
انہوں نے درخواست میں کہا کہ نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے سے ساکھ کو شدید نقصان پہنچا، ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دوسری جانب ایف آئی اے سائبر کرائم حکام کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہوچکی ہے، جلد تحقیقات شروع کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گرفتار ملزم حسن شاہ نے انکشاف کیا تھا کہ خلیل الرحمان نے نازیبا ویڈیوز کی وجہ سے اغوا کا واویلا کیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا 21 جولائی کو تھانہ سندر میں مقدمہ درج ہوا، مرکزی ملزم حسن شاہ اور لڑکی سمیت 12 ملزمان تحویل میں ہیں۔