اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ خان صاحب پارلیمنٹ میں آجائیں تو اچھی بات ہے، معیشت کی بحالی کیلئے ہم سب کو مل کرکوشش کرنا ہوگی۔
صادق سنجرانی نے یہ بات اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ میں خود کسٹوڈین آف ہاؤس ہوں جو چاہتا ہوں کہ سب پارلیمنٹ کے اندر آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب اور ان کی پارٹی کو صوبائی اسمبلیاں ختم کرنے سے متعلق فیصلہ کرنا ہے، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں لیکن میں تو چاہتا ہوں کہ تمام اراکین پارلیمنٹ میں ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی حالت ہم سب کے سامنے ہے، اس کی بحالی کیلئے ہم سب کو مل کرکوششیں کرنا ہوگی, اس سلسلے میں میں جو کردار اداکرسکا کروں گا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور معیشت کیلئے سب کو مل کرکام کرنا چاہیے، ادارے ہمارے اپنے ہیں، اداروں کو ہمیں متنازعہ نہیں بنانا چاہیئے، اسمبلیاں ٹوٹیں گی یا نہیں مجھے نہیں معلوم۔