منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

اسرائیلی ٹینکوں کی جنوبی خان یونس میں بھی پیش قدمی، 36 فلسطینی شہید، 120 زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ میں رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، خان یونس صہیونی فوج کی تازہ کارروائی میں 36 فلسطینی شہید اور 120 زخمی ہو گئے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کی فوج نے غزہ کی پٹی پر اپنی بے دریغ بمباری جاری رکھی ہے، اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی خان یونس میں بھی پیش قدمی شروع کر دی، جہاں بہت سے فلسطینی خاندان 6 دن سے اسرائیلی زمینی حملے کے بعد سے خوراک، پانی اور ادویات کے بغیر پھنسے ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق المواصی کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فورسز نے بم برسا دیے، جس میں بچوں سمیت تین فلسطینی جان سے گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 66 فلسطینی شہید اور 241 زخمی ہو چکے ہیں۔

- Advertisement -

وسطی بوریج اور نصیرات کے پناہ گزین کیمپوں پر بھی حملہ کرنے کے چند گھنٹوں بعد وہاں پناہ لینے والے دسیوں ہزار فلسطینیوں کو علاقوں سے فرار ہونے کا حکم دیا گیا۔ صہیونی فوج نے مشرقی خان یونس کے بعد وسطی خان یونس سے بھی بے گھر فلسطینیوں کو جبری علاقہ خالی کرنے کے احکامات صادر کر دیے ہیں۔

گولان ہائٹس حملہ، اسرائیل کے بعد امریکا نے بھی الزام حزب اللہ پر دھر دیا

اقوام متحدہ کے ادارے (یو این آر ڈبلیو اے) نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کا 86 فی صد حصہ اس وقت انخلا کے احکامات کی زد میں ہے۔ بوریج کیمپ خالی کرنے کے احکامات کے بعد کیمپ کی ایک خاتون نے کہا کہ وہ 10 بار بے گھر ہو چکی ہے، ایک فلسطینی نے کہا ہمارے لیے کوئی حل تلاش کریں، بہت ہو گیا، ہم کہاں جائیں؟

اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی غزہ میں بھی پیش قدمی بڑھا دی ہے، جہاں اسرائیلی فورسز کو فلسطینی گروپس کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے، جانبازوں نے کئی اسرائیلی ٹینک تباہ کیے اور ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کے مرکز میں شیخ ناصر محلے پر بمباری کی، مشرق میں واقع خزاعہ اور اباسن الکبیرہ کے قصبوں پر بھی بمباری کی گئی، الجزیرہ عربی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے خان یونس کے شمال میں واقع قصبے القرارا میں رہائشی عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔

گزشتہ برس 7 اکتوبر سے صہیونی فورسز کے حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 39,324 ہو چکی ہے، جب کہ 90,830 زخمی ہوئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں